کاسرگوڈ 27/جنوری (ایس او نیوز)منجیشور ضلع کے بایوروپاڈو گاوں کے ایک اندھے کنویں میں ایک شخص کی لاش دستیاب ہوئی ہے جس کی جیب میں نئے2ہزار کے نوٹوں کی صورت میں 3.10لاکھ روپے نقدپائے گئے ہیں۔
جسم پرزخموں کے نشانات کے ساتھ دستیاب ہونے والی اس لاش کی شناخت منصور علی (۴۵سال)ابن کولیاڈ آمو حاجی کے طور پر کی گئی ہے جو چیتن گیلی نامی مقام پر اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بدھ کے دن منصور اپنے گھر سے نکلا تھااور اس کے بعد سے واپس نہیں لوٹا تھا۔ اس کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ گھر سے اسکوٹر پر نکلا تھا اور کس وجہ سے وہ بایوپاڈو گاوں پہنچا اس بارے میں انہیں کوئی معلومات نہیں ہے۔اس کا اسکوٹر کارنڈکڈ نامی مقام پر پایا گیا ہے۔شبہ کیا جارہا ہے کہ شاید کسی پرانی دشمنی کی وجہ سے منصور کو قتل کرکے سوکھے ہوئے کنویں میں پھینک دیا گیا ہوگا۔پولیس کا خیال ہے کہ شاید اسے کارنڈکڈ میں ہی قتل کیا گیا ہوگا۔ پولیس کیس درج کرنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔